اسکول میں داخلے سے قبل بچوں کا ذخیرہ الفاظ، کامیابی کی وجہ قرار

اوہائیو: ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اسکول جانے سے پہلے کی عمر میں بچوں کو کچھ اضافی الفاظ سِکھانا ان کی زندگی بھر کی تدریسی کامیابی کے لیے تیار کر سکتا ہے۔

چار سال کی عمر کے تقریباً 900 بچوں پر کی جانے والی تحقیق میں معلوم ہوا کہ تعلیمی سرگرمیوں کی شروعات کے بعد وہ بچے جن کا ذخیرہ الفاظ زیادہ تھا وہ دوسرے بچوں کی بہ نسبت اپنے اساتذہ کے ساتھ زیادہ مشغول پائے گئے۔

محققین نے چھوٹے بچوں کی صلاحیتوں کی آزمائش موسم خزاں اور پھر آئندہ موسم بہار میں اسکول شروع ہونے کے بعد کی۔

محققین کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج میں معلوم ہوا کہ بچے کے ابتدائی سالوں میں معمولی سا فرق بھی ان کی تدریسی کامیابی کے امکانات پر بڑا اثر مرتب کر سکتا ہے۔

محققین نے امید ظاہر کی کہ تحقیق کے نتائج کم ذخیرہ الفاظ رکھنے والے بچوں کی نشان دہی کرنے میں اساتذہ کی مدد کریں گے۔

تحقیق کے مصنفین نے بتایا کہ جن بچوں کو اسکول میں داخل کرانے سے قبل جذبات پر قابو کرنا سِکھایا گیا تھا ان کی کارکردگی بھی کلاس میں بہتر رہی۔

امریکا کی اویائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرِ ابتدائی تعلیم اور تحقیق کے سربراہ مصنف چنگ چنگ یینگ کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج میں چھوٹے بچوں کو کلاس میں کامیابی کے لیے تیار کرنے کے اثرات کو بتایا گیا۔