چالاک کوالہ بھالو 3800 ڈالر کے قیمتی پودے کھا گیا

آسٹریلیا: آسٹریلیا کی ایک نرسری سے قیمتی پودے اور بیج مسلسل کھائے جارہے تھے تو معلوم ہوا کہ یہ ایک کوالہ بھالو کی واردات ہے۔
نیوساؤتھ ویلز کے شہر لزمور میں واقع ’ایسٹرن فاریسٹ نرسری‘ میں یہ واردات ہوئی ہے۔ نرسری کے نگراں ہمفرے ہیرنگٹن نے بتایا کہ یہاں سے قیمتی پودے کھائے جارہے تھے اور کچھ قیمتی بیج بھی غائب ہیں، ان کی قیمت 3800 ڈالر کے لگ بھگ تھی، پہلے خیال ہوا کہ شاید کسی بکری نے ان پودوں کو چرایا ہے۔
نرسری کی انتظامیہ کو بہت کوشش کے باوجود بھی پودے تباہ کرنے والوں کا کوئی سراغ نہ ملا اور یہ معاملہ پراسرار ہوتا چلا گیا لیکن اگلی رات دیکھا گیا کہ ایک کوالہ ان پودوں کو چٹ کررہا ہے، جنگی حیات کے ماہرین کے مطابق یہ ایک انوکھی بات ہے کیونکہ کوالہ کبھی بھی یہاں نہیں آتے۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوالہ کے کھانے کے وسائل ختم ہورہے ہیں اور وہ اپنے علاقے سے دوسری جگہوں کا رخ کررہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جو بیج چرائے گئے ہیں وہ کوالہ کی غذا کے لیے ہی مختص تھے تاکہ ان کے قدرتی مسکن میں ان کی غذا کو برقرار رکھا جاسکے۔
اب نرسری کے اطراف باڑ لگا کر اسے محفوظ بنایا جارہا ہے۔