نیو جرسی: امریکا میں ایک شخص نے اپنی ایس یو وی گاڑی جان بوجھ کر ایک گھر اور مقامی میونسپل پولیس ڈیپارٹمنٹ کے دفاتر میں گھسا دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ بالا واقعہ امریکی ریاست نیو جرسی میں پیش آیا جہاں وارن کاؤنٹی پراسیکیوٹر کے دفتر نے نیوز ریلیز میں بتایا کہ 34 سالہ جان ہارگریوز نے لبرٹی ٹاؤن شپ پولیس ہیڈ کوارٹر کی عمارت میں اور ایک گھر کی حدود میں گاڑی جان بوجھ کر گھسا دی جس سے کافی نقصان ہوا۔
تاہم پولیس حکام کا کہنا تھا کہ دونوں حادثوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور کوئی زخمی نہیں ہوا۔ ہارگریوز کی گاڑی ڈپارٹمنٹ کے اسکواڈ کے کمرے میں داخل ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ شہری اپنی گاڑی سے باہر نکلا اور اپنے ہاتھ ہوا میں اٹھا لیے اور افسران نے اسے فوری طور پر حراست میں لے لیا۔
یہ حادثہ ہارگریویس کے لبرٹی ٹاؤن شپ میں ایک گھر کے گیراج کے دروازے میں گاڑی کے زبردستی داخل ہونے کے چند منٹ بعد پیش آیا، سیکورٹی حکام نے بتایا کہ جان ہارگریوز کا اس حرکت سے مقصد گھر کے مالک کو ہراساں کرنا تھا اس کے بعد وہ لبرٹی پولیس اسٹیشن میں چلا گیا چونکہ یہ گھر کے سب سے قریب تھا۔
ہارگریوز پر چوری، مجرمانہ شرارت، دہشت گردی، حملے اور پولیس اسٹیشن کے نقصان کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔