ہریانہ: حال ہی میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں امتحان دے رہے 10ویں جماعت کے طلبا کے دوست و احباب کو اسکول کی عمارت پر چڑھ کر طلبا کو جوابی شیٹ پاس کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہریانہ میں موجود چندراوتی اسکول میں طلبا 10ویں جماعت کا بورڈ ایگزام دے رہے تھے کہ اسی دوران طلبا کے دوست اور احباب عمارت پر چڑھ کر انہیں جوابی پرچے پاس کرتے ہوئے نظر آئے۔تاہم اسکول کے حکام کا دعویٰ ہے کہ اگرچہ لوگوں نے طلبہ کی مدد کرنے کی کوشش کی لیکن بورڈ کے امتحان کے دوران کوئی نقل نہیں ہونے دی گئی۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ طلبا کے دوست و اقارب ٹیسٹ کے سوالات سے آگاہ ہوچکے تھے، اس کے بعد ہی انہوں نے طلبا کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔انڈیا ٹائمز اخبار کی رپورٹ کے مطابق کسی نامعلوم شخص نے امتحانی پرچے کی فون سے تصاویر لی تھیں اور اسے طلباء کے عزیزوں کو شیئر کیا تھا جو اسکول کی پارکنگ میں کھڑے تھے۔ اقارب نے فوراً سوالوں کے جوابات ڈھونڈے، انہیں کاغذ کے ٹکڑوں پر لکھا اور پھر عمارت پر چڑھ کر چھوٹی چھوٹی کھڑکیوں کے ذریعے سے طلباء کی مدد کرنے کی کوشش کی۔اسکول کے عملے نے بیان میں کہا کہ یہ لوگ اسکول کے باہر افراتفری پھیلا رہے تھے لیکن اندر کا ماحول کنٹرول میں رہا۔ اگرچہ وہ طلبا کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن ہم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ایسا نہ ہو۔