چین کی ثالثی؛ ایران اور سعودیہ نے سفارتی تعلقات بحال کرنے کے معاہدے پر دستخط کردیے

بیجنگ: ایران اور سعودی عرب نے چینی وزیر خارجہ کن گینگ کے ساتھ ملاقات کے بعد سفارتی تعلقات بحال کرنے کے ایک معاہدے پر دستخط کردیے۔
ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہ اور سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں دونوں فریقوں نے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقوں نے معاہدے پر عمل درآمد اور اس کے فعال ہونے کی اہمیت پر زور دیا جس سے باہمی اعتماد اور تعاون کے شعبوں کو وسعت اور خطے میں سلامتی، استحکام اور خوشحالی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
تہران اور ریاض نے مارچ میں بیجنگ کی ثالثی میں ایک معاہدے کا اعلان کیا تھا تاکہ وہ تعلقات بحال کیے جا سکیں جو 7 برس قبل اس وقت منقطع ہو گئے تھے جب ایران میں مظاہرین نے سعودی سفارتی مشن پر حملہ کیا تھا۔
ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ فریقین نے “دوطرفہ تعلقات کی باضابطہ بحالی اور دونوں ممالک کے سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو دوبارہ کھولنے کی جانب انتظامی اقدامات پر زور دیتے ہوئے بات چیت کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا”