پاک فوج کے خوف میں مبتلا بھارتی آرمی چیف نے اپنی فوج پر بڑی پابندی عائد کردی

نئی دہلی (نیوز ڈیسک)پاک فوج سے خوفزدہ ہو کر بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے اپنی فوج کے حاضر سروس اور سابق افسران کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت بھی پاکستان کی انفارمیشن وار حکمت عملی سے خوفزدہ ہیں ، انہوں نے پاکستان کی جانب سے بھارت کو انفارمیشن وارفیئر میں دی جانے والی مات کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ پاک فوج نے بھارت کو انفارمیشن وار میں شکست دی۔نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ ہماری انتہائی خفیہ آپریشنل معلومات لیک ہوئی ہیں ۔ اسی لیے اب بھارتی فوج میں سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کرنے جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سابق بھارتی کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عطا حسنین پہلے ہی آئی ایس پی آر کی پے در پے کامیابیوں کا اعتراف کر چکے ہیں ۔ انہوں نے جدید جنگی حربوں اورمہارت کے شعبے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی بہترین حکمت عملی کی تعریف کی تھی۔جبکہ بھارت کی خفیہ ایجنسی ”را” کے سابق چیف اے ایس دولت بھی پاکستان کی حکومت اور آرمی کے معترف ہیں۔ واضح رہے کہ بھارتی فوجی پاکستان کی جانب سے سیٹ کیے جانے والے ہنی ٹرہپ میں بھی کئی مرتبہ پھنس چکے ہیں جس کے پیش نظر بھارتی فوج نے اس سے قبل بھی اپنے فوجی افسران و اہلکاروں پر اسمارٹ فون اور سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کرنے پر غور کیا تھا تاہم اب بھارتی فوج کی خفیہ آپریشنل معلومات لیک ہونے پر بھارت فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے فوج کے حاضر سروس اور سابق افسران پر سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔