کھیل لوگوں میں امن اور محبت کو فروغ دیتے ہیں، قونصل جنرل حسین محمد

دبئی ۔پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے کہا ہے کہ کرکٹ اور دیگر تمام کھیل امن کا پیغام دیتے ہیں اور غلط فہمیوں اور نفرتوں کو دور کرکے لوگوں میں محبت کو فروغ دیتے ہیں۔دبئی میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی دبئی میں پاک بھارت بلائنڈ کرکٹ ٹی ٹونٹی سیریز کی پوسٹ میچ پریزنٹیشن تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام ہمیشہ دونوں ممالک کے درمیان کھیلے جانے والے کرکٹ میچوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع تھا جب میں نے نابینا کھلاڑیوں کی جانب سے کھیلا جانے والا لائیو میچ دیکھا اور ان کے ٹیلنٹ نے مجھے بہت متاثر کیا۔ قونصل جنرل حسین محمد نے کہا کہ دبئی تجارت، کھیلوں اور سفارتکاری کا مرکز ہے جو ہمسایہ ممالک میں اس طرح کی صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے لئے مثالی ماحول فراہم کرتا ہے۔انہوں نے بھارتی ٹیم کو 3 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں کامیابی پر مبارکباد دی ۔

قونصل جنرل نے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کی کاوشوں اور تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جیتنے پر ان کی تعریف کی۔ حسین محمد نے کہا کہ ہم اتوار کو ہونے والے فیصلہ کن میچ کے منتظر ہیں۔ قونصل جنرل نے پاکستانی اور بھارتی ٹیموں کے تمام کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور مینز آف دی میچز کو ٹرافیاں بھی پیش کیں۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے قونصل جنرل کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔