سفیرپاکستان فیصل ترمذی کی سی ای او العین ائرپورٹ ایلینا سورلینی سے ملاقات، پاکستان کے لئے مزید پروازوں کے امکانات کا جائزہ

ابوظہبی(نمائندہ خصوصی) یواے میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے العین ایئرپورٹ پر ابوظبی ایئرپورٹ کی سی ای او ایلینا سورلینی سے ایک تقریب میں ملاقات کی جس میں پی آئی اے کی العین ۔ تربت پرواز کے آغاز پر بھی بات چیت کی گئی۔ سفیرپاکستان نے کہا کہ پی آئی اے کی العین ۔ تربت پرواز سے مزید تعاون کے زبردست امکانات موجود ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر مقامات بالخصوص پشاور اور دیگر بڑے شہروں کے لئے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ پی آئی اے العین پاکستان کے لیے ہفتہ وار تین پروازوں چلارہی ہے اس میں ایک تربت اور دو اسلام آباد کے لئے ہیں۔ سفیر ترمذی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان پاکستان کا اسٹریٹجک مقام وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔ ہم العین سے پاکستان کے دیگر شہروں تک پرواز رابطوں کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں اور اس کوشش میں سی ای او کی مدد کی پیشکش کو سراہتے ہیں۔ابوظی ایئرپورٹس کی سی ای او ایلینا سورلینی نے العین ایئرپورٹ سے پروازوں کی فروغ کے لیے منعقدہ تقریب میں شرکت پر سفیر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور العین ایئرپورٹ سے پاکستان کے مختلف شہروں کے لیے پروازوں کی تعداد بڑھانے میں اپنے بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔