تہران: ہزاروں افراد کی موجودگی میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور جاں بحق ہونے والے دیگر اعلیٰ حکام کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی نماز جنازہ دارالحکومت تہران میں ادا کی گئی۔ ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے نماز جنازہ پڑھائی۔ مرحومین کے جسد خاکی کو طیارے کے ذریعے تبریز سے تہران پہنچایا گیا۔مرحوم صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین عبداللہیان اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے دیگر افراد کی نماز جنازہ میں کئی ممالک سے آنے والی شخصیات، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ سمیت ہزاروں افراد شریک تھے۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کو مشہد میں امام علی رضا کے روضے کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 2 روز قبل ہیلی کاپٹر حادثے میں وزیر خارجہ، گورنر مشرقی آذربائیجان، سپریم لیڈر کے نمائندہ خصوصی، چیف سیکیورٹی گارڈ اور عملے کے 3 ارکان سمیت جاں بحق ہوگئے تھے، جس کے بعد نائب صدر محمد مخبر نے صدارتی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔ایران میں صدارتی انتخاب کے لیے 28 جون کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔