محمد بن زاید، مصری صدر اور اردن کے شاہ کا باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال

قاہرہ، (ویب ڈیسک) ابوظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم بن الحسین نے قاہرہ میں تینوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ عزت مآب شیخ محمد اور صدر السیسی نے شاہ عبداللہ کو ان کی حالیہ کامیاب سرجری پر مبارکباد دی اور ان کی صحت اور تندرستی کے لیے دعا کی۔ شاہ عبداللہ نے دونوں رہنماؤں کی طرف سے برادرانہ جذبات کا اظہار پر انکا شکریہ ادا کیا اور ان کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ نائب وزیر اعظم اور صدارتی امور کے وزیر شیخ منصور بن زاید آل نہیان بھی انکے ہمراہ تھے۔ تینوں رہنماؤں نے رمضان المبارک کی مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے عرب اور اسلامی اقوام اور ساری دنیا کےعوام کے لیے خیر، استحکام اور امن کی دعا کی۔ ملاقات میں عرب خطے کو درپیش چیلنجوں اور بحرانوں اور اس کی سلامتی اور استحکام کو لاحق خطرات کے تناظر میں مشترکہ عرب کارروائی کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تینوں رہنماوں نے یروشلم اور مسجد اقصیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور مسجد اقصیٰ کے تقدس کو پامال کرنے کےکسی بھی عمل کو روکنے اور کشیدگی سے بچنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کو امن، استحکام اور تعاون کی ضرورت ہے تاکہ امن اور ترقی کو فروغ دیا جا سکے اور بالآخر ترقی اور خوشحالی کے لیے خطے کے عوام کی امنگوں کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے تازہ ترین علاقائی اور عالمی صورتحال بالخصوص یوکرین کی جنگ اور اس کے انسانی اور اقتصادی نتائج پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ سلامتی اور استحکام کی بحالی کے لیے سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے تنازعے کو حل کرنے کوشش کریں۔ انہوں نے بحران کے نتیجے میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔ شیخ محمد نے اس بات پر زور دیا کہ عرب مشاورت اور ہم آہنگی کو جاری رکھنے کو یقینی بنانا متحدہ عرب امارات کی پالیسی کامرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے معاملات میں مشترکہ عرب اقدام تمام چیلنجوں کا سامنا کرنے میں خطے کی کامیابی کی بنیاد ہے۔ ترقی کے موجودہ مواقع کو آگے بڑھانے کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے شیخ محمد نے اس بات کی تصدیق کی کہ متحدہ عرب امارات خطے کے ممالک اور عوام کی اعلیٰ بھلائی کے لیے عرب تعاون میں اضافے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ مصری صدر نے متحدہ عرب امارات اور اردن کے ساتھ مصر کے تعاون اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ متعدد علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کے نتیجے میں معاشی اور سماجی بحرانوں سے نمٹنے کیلئے مشترکہ عرب اقدام کو بڑھانے کے لیے مصر کے عزم کا اعادہ کیا ۔ مصری صدر نے شیخ محمد اور شاہ عبداللہ کے لیے افطار ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔ ضیافت میں شیخ منصور بن زاید آل نھیان، عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید آل نھیان، شیخ محمد بن حمد بن تہنون آل نھیان، صدارتی امور کی وزارت کے مشیر برائے خصوصی امور ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر، وزیر صنعت اور جدید ٹیکنالوجی، ڈاکٹر انور قرقاش، متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر، ابوظبی احتساب اتھارٹی کے چیئرمین حمید عبید خلیفہ ابو شبس اور مصر میں متحدہ عرب امارات کی سفیر مریم خلیفہ الکعبی نے بھی شرکت کی۔