برسلز:یورپی یونین کے اعلی حکام نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے مرحوم شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان کے دور میں خطے میں ترقی، جامع نشاۃ ثانیہ، امن اور استحکام حاصل کیا۔ یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے کہا کہ ہمیں شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان کی وفات کا سن کر انتہائی دکھ ہوا۔یورپی یونین ان کی میراث اور قیادت کا احترام کرتی ہے جس نے متحدہ عرب امارات کو پائیدار ترقی اور اقتصادی تنوع میں ایک علمبردار بنایا۔ میں متحدہ عرب امارات کی قیادت، حکومت اور عوام سے تعزیت کااظہار کرتا ہوں۔یورپی یونین کے اعلی نمائندہ برائے خارجہ امورجوزف بوریل نے کہا کہ ہم شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان کے انتقال پر غمزدہ ہیں، جنہوں نے متحدہ عرب امارات کو اس کی موجودہ صورت میں قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ہم متحدہ عرب امارات کے عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔یورپی یونین امارات اور یورپی یونین کے درمیان مضبوط شراکت داری کے لیے پرعزم ہے۔ یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین ڈیوڈ میک ایلسٹر نے کہا کہ وہ شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان کے انتقال پر متحدہ عرب امارات کے عوام کو دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔ان کے دور حکومت میں متحدہ عرب امارات ایک علاقائی طاقت بنا اور اس نے دلیرانہ فیصلے لیے۔ اس کے علاوہ بیلجیئم کی وزارت خارجہ نے کہا کہ انتہائی دکھ کے ساتھ، ہم شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان کے انتقال پر سوگوار ہیں۔ ہم ان کے خاندان اور امارات کے لوگوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔