پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام برہان وانی کا چھٹا یوم شہادت

سیز فائز لائن کے دونوں اطراف آزادی پسند کشمیریوں کی ریلی بھارت سے آزادی تک جدوجہد کا عزم

مظفرآباد( لیڈنگ نیوز) سیز فائر لائن کے دونوں اطراف آزادی پسند کشمیری کمانڈر شہید برہان وانی کا چھٹا یوم شہادت یوم مزاحمت کے طور پر منایاجا رہا ہے ۔دارالحکومت میں پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بڑی عوامی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ شرکائے ریلی کا بھارت سے آزادی تک جدوجہد کو ہر صورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار۔


تفصیلات کیمطابق معروف آزادی پسند کشمیری رہنماء کمانڈر حزب المجاہدین برہان وانی شہید کو انکے چھٹے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دارالحکومت کے برہان وانی شہید چوک میں پاسبان حریت کے زیر اہتمام ایک بڑی عوامی مزاحمتی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں نوجوانوں, بچوں , بزرگوں سمیت عوام کی بھاری تعداد نے شرکت کی ۔ ریلی کی قیادت حزب المجاہدین کے نائب امیر سیف اللہ خالد, چیئرمین پاسبان حریت جموں کشمیر عزیراحمدغزالی, امیر جماعت شیخ عقیل الرحمن, ڈائیریکٹر کشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف خان, کمانڈر حزب المجاہدین شمشیر خان, پیپلز پارٹی کے رہنماء شوکت جاوید میر, تاجر رہنماء سردار عبدالرزاق, شوکت گنائی, حزب کمانڈر محمد اعظم غازی, عثمان علی ہاشم, جاوید احمد مغل, علی محمد بٹ, چوہدری محمد اسماعیل, تنویر درانی, چوہدری محمد مشتاق اور اقبال یاسین اعوان اور دیگر رہنماء کررہے تھے۔ ریلی میں شریک عوام برہان وانی شہید, اسلام, آزادی اور پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کرتے رہے۔ ریلی میں شریک لوگوں نے بھارتی حکومت, قابض افواج اور نریندرہ مودی کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ یوم مزاحمت کے موقع پر 313 کشمیری نوجوانوں کے ایک منظم دستے نے پیشانیوں پر آزادی اور شہادت کے جملوں سے مزین پٹیاں باندھ کر پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچموں , برہان مظفر وانی اور دیگر شہدآئے جموں کشمیر کو سلامی پیش کی ۔ بھارت کیخلاف مزاحمت کے علمبردار شہید برہان وانی کے چھٹے یوم شہادت پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے بھی پیش کیئے گئے ۔ یوم مزاحمت ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ برہان وانی سمیت ہزاروں شہیدوں کے مقدس لہو کو کسی بھی صورت ضائع نہیں ہونے دیں گے بھارت کے غیر قانونی جبری فوجی قبضے سے آزادی تک کشمیری عوام کی مزاحمت ہر سطح پر جاری رہے گی۔ بھارت سے آزادی کشمیری عوام کا مقصد حیات ہے جسے حاصل کیئے بنا جموں کشمیر کے عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ مقررین نے کہا کہ شہید برہان وانی کی دلیرانہ, لازوال اور انتھک جدوجہد کو کشمیری عوام آج خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ برہان وانی شہید نے اپنے بھائی خالد وانی کی مظلومانہ شہادت کے بعد بھارت کے فوجی قبضے کیخلاف عملی میدان میں مزاحمت کا فیصلہ کیا تحریک کو مشکل ترین حالات میں نہ صرف سمبھالا بلکہ بھارت کیلئے ایک ڈراؤنا خواب بن کر سامنے آئے۔ انکا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی کے عظیم ہیرو شہید برہان وانی کو آج پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے ۔ مقررین نے کہا کہ بھارت کے فوجی قبضے سے آزادی کیلئے ریاست گیر جہادی تحریک کو منظم اور متحرک کر کے ہی مودی سرکار کے مزموم منصوبوں کو روکا جا سکتا ہے۔ مقررین نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے ہیکہ سیز فائر کی دوسری طرف مقبوضہ ریاست میں بھارت نہتے شہریوں کو قتل, بے گناہوں کو جیلوں میں قید, گھروں اور بستیوں کو تاراج کررہا ہو کشمیری عوام کے تمام مذہبی, سیاسی, سماجی حقوق پامال کیئے جا رہے ہوں اور اس طرف کے شہری خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے رہیں۔ انکا کہنا تھا کہ یہ زندہ تاریخ ہے جموں کشمیر ایک متنازعہ ریاست ہے جس کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے تحت ہی کریں گے۔ بھارت ایک جارح سامراج کی طرح جموں کشمیر کی ریاستی, اسلامی اور خصوصی حیثیت کو بدلنے کیلئے یکطرف ظالمانہ اقدامات اٹھا رہا ہے۔ مقررین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے ایک اہم فریق کی حیثیت سے بھارت کو اسی زبان میں جواب دے جو زبان بھارت سمجھتا ہے۔ جموں کشمیر کی تاریخی اور اسلامی تشخص کو بچا کر بھارت کو استصواب رائے کیلئے مجبور کرنا مملکت پاکستان کی آئینی اور قومی زمہ داری ہے مقررین نے کہا کہ حالات جو بھی ہوں بھارتی قبضے سے جموں کشمیر کی آزادی کیلئے مزاحمت نہ صرف جاری رکھا جائے گا بلکہ اسے فعال تر بنانے کیلئے پوری قوم کو بیدار کیا جائے گا۔ یوم مزاحمت ریلی کے شرکاء نے برہان وانی چوک سے گھڑی پن چوک تک مارچ بھی کیا