مسئلہ کشمیر: روس نے بھارت کو سرخ جھنڈی دکھا دی

ماسکو /اسلام آباد(آن لائن)مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر بھارت کے سب سے بڑے دوست روس نے بھی اسے مایوس کر دیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے انہیں مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورت حال سے آگاہ کیا۔روسی وزیر خارجہ نے بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور کو پْرامن طریقے سے حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں روسی مندوب کا میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ ہمارا ملک کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کا اجلاس بلائے جانے کی مخالفت نہیں کرے گا۔خیال رہے کہ پاکستان کے مطالبے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس 16 اگست کو ہو رہا ہے جس میں تقریباً 50 برس بعد مقبوضہ کشمیر کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔علا وہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی حاصل ہوئی، بھارت سلامتی کونسل کے اجلاس بلانے پر پریشان ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی عروج پر ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل بلیک آؤٹ ہے، روسی ہم منصب سے مسئلہ کشمیر پر تفصیلی بات چیت ہوئی، مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، روسی ہم منصب کو تفصیل سے پاکستان کا نکتہ نظر پیش کیا، روس سے توقع کرتے ہیں کہ وہ ہمارے نکتہ نظر کی حمایت کرے۔شاہ محمود قریشی نے کہا پوری قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کوئی جنگ مسلط کرے گا تو دفاع کا حق رکھتے ہیں، ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے، امن ہی ہمارا راستہ ہے، بھارت اضطراب کی کیفیت میں ہے۔