اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹویٹر پر بھارت کے ریٹائرڈ فوجی افسر جنرل بخشی کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انہوں نے کارگل جنگ سے متعلق اہم انکشافات کئے ہیں ۔ جنرل بخشی نے کہا کہ دشمن نے ساری ہائیٹس پکڑ رکھی تھیں ہماری جو پہلی پلٹن گئی وہ ان کی ٹھیک مار کے پیچھے تھی۔دن میں کسی قسم کی کوئی حرکت کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا، کھانا بنکرز میں بنتا تھا اور یہاں تک کہ بی ایس ایف کے اہلکاروں کو لیٹرین بھی بنکرز کے اندر ڈبوں میں کر کے باہر پھینکنی پڑتی تھی۔ کیونکہ دشمن سر کے اوپر ہوتا تھا اور چوبیس گھنٹے فائر ہوا تھا جس سے ہمارا بہت نقصان ہوا۔اس کے بعد مہار پلٹن آئی اس کا بھی بہت نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کو ایک چھوٹی سی کہانی سناتا ہوں، ہماری ایک جگہ بی ایس ایف کی پوسٹ تھی جب میں نے بٹالین کمانڈر میں چارج لیا اور اس پوسٹ پر گیا تو میں نے دیکھا کہ وہاں تباہی پھری ہوئی تھی ، تمام بنکرز تباہ ہو چکے تھے اور سارے کے سارے بی ایس ایف کے جوان وہ ریورس پر تھے ۔پوسٹ پر آگے کی جانب ایک بنکرز رہ گیا تھا جہاں ہمارا ایک حوالدار تھا جس نے مجھ سے کہا کہ میں آپ سے اکیلے میں بات کرنا چاہتا ہوں۔ میرے دریافت کرنے پر اس نے بتایا کہ سر ہماری بہت زیادہ بے عزتی ہوئی ہے، پاکستان اپنی ائیرڈیفنس گن کی توپ لے آیا جس کی رینج میری توپ سے زیادہ ہے۔ پاکستان نے فائر کیا تو یہاں ہمارے پاس سو کے قریب جو مٹی کے تیل کے بیرل تھے وہ سب کے سب جل گئے۔ اس کے بعد بی ایس ایف کے لڑکے گھبرا گئے اور آگے کی طرف صرف وہ حوالدار ہی تھا۔ حوالدار نے بتایا کہ پاکستانیوں نے ہمیں اچھی طرح مار لگا کر اپنے اپنے بنکرز سے نکل کر چھت پر بھنگڑا کیا اور ہماری بہت بے عزتی ہوئی ہے ۔