متحدہ عرب امارات کے وفاقی اداروں میں گرین پاس کووڈ پروٹوکول پر علمدرآمد لازمی قراردے دیا گیا

ابوظہبی( نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت کے تمام ملازمین اور ملک بھر میں وفاقی اداروں سے خدمات حاصل کرنے کے خواہاں شہریوں کے لیے الحصن ایپ پر 3 جنوری 2022 سے نافذالعمل گرین پاس پروٹوکول پر عمل درآمد لازمی ہوگا، تاکہ وہ وفاقی اداروں تک رسائی حاصل کرسکیں۔ ان محکموں میں صرف ایسے افراد کا داخلہ ہی ممکن ہوگا جنہوں نے متحدہ عرب امارات سے منظور شدہ کووڈ 19 ویکسینزکی دو خوراکیں اور بوسٹر خوراک حاصل کی ہوگی ۔ الحصن ایپ میں گرین اسٹیٹس کو برقرار رکھنے کے لیے ہر 14 دن بعد منفی پی سی آر ٹیسٹ لازمی ہے۔ اس بات کا اعلان وزارت صحت و تدارک (ایم او ایچ اے پی ) نے قومی ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این سی ای ایم اے کے کے اشتراک سے کیا ہے جس کا مقصد متحدہ عرب امارات کی کووڈ 19 بحالی مہم اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ دریں اثنا، ویکسینیشن سے استثنیٰ کے حامل افراد کو داخلے کی اجازت دی جائے گی، بشرطیکہ الحصن ایپ پر ان کا گرین اسٹیٹس فعال ہو، جس کو برقرار رکھنے کے لیے ہر سات دن میں پی سی آر ٹیسٹ لینے کی ضرورت ہوگی، جبکہ 16 سال سے کم عمر بچوں کو کووڈ ٹیسٹ کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وزارت صحت نے زور دے کر کہا ہے کہ ایسے افراد جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی اور الحصن ایپ پران کا سٹیٹس گرے ہے انہیں وفاقی اداروں تک رسائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔