دبئی (نمائندہ خصوصی)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے سنیما سینسر شپ ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق یو اے ای نے ملک میں سنیما گھروں میں فلموں کی نمائش کیلئے سینسر شپ ختم کرتے ہوئے +21 ریٹنگ متعارف کرا دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی آفس نے سنیما میں فلموں کی نمائش کیلئے +21 کیٹیگری متعارف کرادی ہے جس کے بعد سینما گھروں میں 21 سال سے زائد عمر افراد فلم کا انٹرنیشنل ورژن دیکھ سکیں گے۔تاہم سنیما گھروں میں داخلے کے موقع پر 21 سال عمر کی درجہ بندی پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور عمر کی تصدیق کے بعد ہی مخصوص فلموں میں 21 سال یا اس سے زائد عمر فلم بینوں کو اندر جانے کی اجازت دی جائے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں عوام کیلئے فلم کا انٹرنیشنل ورژن سنیما گھروں میں سنسر کرکے پیش کیا جاتا تھا۔