کینسر کے عالمی دن کے موقع پر ایکسپو 2020 دبئی میں ٹیری فاکس دوڑ کا اہتمام کیا جائے گا

دبئی(ویب ڈیسک) ایکسپو 2020 دبئی میں ایکسپو کے ہیلتھ اینڈ ویل نیس ویک کے اختتام پر ہفتہ کو کینسر کے عالمی دن کے موقع پر ٹیری فاکس رن کاانعقاد کیا جائے گا۔ چیریٹی فیملی فن رن دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین، دبئی ایئرپورٹس کے چیئرمین، امارات ایئر لائن اینڈ گروپ کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹو ، ایکسپو 2020 دبئی ہائر کمیٹی کے چیئرمین اور الجلیلہ فاؤنڈیشن کے چیئرپرسن شیخ احمد بن سعید المکتوم کی سرپرستی میں منعقد کی جا رہی ہے جنہوں نے 1994 میں دبئی میں ہونے والی پہلی ٹیری فاکس رن کی حمایت کی تھی۔ ٹیری فاکس رن کا نام کینیڈا کی یونیورسٹی کے ایک نوجوان طالب علم سے منسوب ہے جو کینسر کی وجہ سے ایک ٹانگ سے محروم ہوگیا تھا،کینسر کے مریضوں کو زندگی کی امید دلانے کی غرض سے ٹانگ سے محروم ایتھلیٹ نے کینسر کی تحقیق کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے143 دنوں تک ہر روز ایک میراتھن کے قریب 5ہزار 373 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا تھا ۔ اب پانچ براعظموں کے 33 ممالک میں اس دوڑ کا ہر سال اہتمام کیا جاتا ہے جو عالمی سطح پر کینسر کی تحقیق کے لیے ایک بڑے فنڈ ریزنگ ایونٹ میں تبدیل ہو گئی ہے۔ کینیڈین بزنس کونسل دبئی کے زیر اہتمام اورایکسپو 2020 دبئی کی میزبانی میں الجلیلہ فاؤنڈیشن کو سپورٹ کرنے کے لیے اس سال 3 یا 5 کلومیٹرکی دوڑ ہوگی جس میں غیر مسابقتی فیملی کے ارکان اس تفریحی دوڑ میں حصہ لیں گے۔ دوڑ میں ہر عمر اور قابلیت کے افراد شریک ہوسکیں گے۔ رواں سال کینسر کے عالمی دن کو یونین فار انٹرنیشنل کینسر کنٹرول (یو آٗی سی سی) کے ایک سالانہ اقدام کے طور پر منایا جائے گاجس کا مقصد کینسر کے مریضوں کی نگہداشت کے فرق کو ختم کرنے کے بارے میں شعور پیدا کرنا ہے۔ وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون اور ایکسپو 2020 دبئی کی منیجنگ ڈائریکٹرريم بنت إبراهيم الهاشمي نے اس حوالے سے کہا کہ ایکسپو 2020 دبئی میں ٹیری فاکس دوڑ عالمی یوم کینسر کی حمایت میں منعقد کی جارہی ہے جس کا مقصد کینسر کے خلاف اجتماعی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو دنیا میں اموات کی اہم وجہ ہے ۔ 1994 میں دبئی میں اس طرح کی پہلی دوڑ کے بعد سے، فاؤنڈیشن نے متحدہ عرب امارات میں کینسر کے تحقیقی منصوبوں کے لیے 80لاکھ درہم سے زیادہ عطیات جمع کیے ہیں۔ اس تقریب کے لیے دبئی میں ٹیری فاکس فاؤنڈیشن کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور رضاکار کنسلٹنٹ آرا ساهاكيان کا کہنا ہے کہ ٹیری فاکس رن اور شیخ احمد بن سعید المکتوم کے دیرینہ تعاون کی وجہ سے یو اے ای میں کینسر کی تحقیق پر کام تیز ہوا ہے۔ جن کے ہم ہمیشہ شکر گزاررہیں گے۔ ٹیری فاکس رن میں شرکت کے لئے فی فرد رجسٹریشن کی فیس 100 درہم ہے جبکہ 17 سال تک کے بچے مفت حصہ لے سکیں گے۔ تمام شرکاء کو ایکسپو 2020 دبئی کے داخلے کے تین ٹکٹ ملیں گے۔رجسٹریشن سے حاصل ہونے والی تمام رقم الجیلیہ فاؤنڈیشن کو عطیہ کی جائے گی۔ الجلیلہ فاؤنڈیشن کے سی ای او ڈاکٹر عبد الكريم سلطان العلماء کا کہنا ہے کہ ٹیری فاکس کینسر کے مریضوں کے لیے امید کی علامت ہے۔ اس نے کینسر کی تحقیق کے لیے ایک عالمی تحریک شروع کی ہے۔ کینیڈین بزنس کونسل دبئی کے چیئرمین کولن بیٹن نے کہا کہ ٹیری فاکس ایک کینیڈین ہیرو ہیں ہمیں ٹیری فاکس فاؤنڈیشن کی جانب سے ایکسپو 2020 دبئی میں ٹیری ۔فاکس رن کے اس خصوصی ایڈیشن کا اہتمام کرنے پر فخر ہے یہ دوڑ ایکسپو 2020 دبئی میں کینیڈا کے پویلین کے بالکل ساتھ جوبلی پارک سے شروع ہو کر یہیں پر اختتام پزیر ہوگی ۔دوڑ کے بعد جوبلی اسٹیج پر کینیڈین فنکار پرفارمنس پیش کریں گے۔