ابوظبی، 26 فروری،2022 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایتھوپیا کے Tigray خطے میں 35 ٹن کھانے پینے کی اشیاء سے بھرا ایک طیارہ بھیجا ہے۔ ایتھوپیا میں متحدہ عرب امارات کے سفیر محمد الراشدی نے کہا کہ یہ امداد متحدہ عرب امارات کی قیادت کی ہدایت پر بھیجی گئی ہے تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں ٹیگرے کے علاقے میں متاثرہ افراد کی مدد کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ضرورت مند ممالک میں ہنگامی امداد کے ذریعے مستحق افراد کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات ٹیگرےکے علاقے میں پیدا ہونے والی انسانی صورتحال میں وہاں کے متاثرہ افراد کی مدد کرنے کا خواہاں ہے اور خوراک کی کمی کے نتیجے میں آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے گزشتہ سال ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون سے 300 ٹن امدادی سامان اور خوراک سے بھرے چھ طیارے بھیجےتھےجن میں 200 ٹن خوردنی تیل بھی شامل تھا۔ اسی تناظر میں متحدہ عرب امارات نے کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے عالمی کوششوں کے حصے کے طور پر 18.5 ٹن طبی سامان بھی بھیجا تھا۔ ترجمہ: ریاض خان ۔