ڈی آئی ایچ اے ڈی کانفرنس اورنمائش آئندہ ہفتے شروع ہوگی

دبئی(نمائندہ خصوصی) نائب صدر، وزیر اعظم اوردبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی سرپرستی میں، دبئی انٹرنیشنل ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ڈیولپمنٹ کانفرنس اور نمائش ڈی آئی ایچ اے ڈی، آئندہ ہفتے 14 مارچ سے دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں شروع ہوگی۔ انسانی ہمدردی کے اس سرکردہ فورم میں دنیا کے کئی فلاحی ادارے شریک ہوں گے،جو رضاکارانہ ثقافت کے فروغ اوربہتر مستقبل کی تعمیر میں مددگار ہوگا۔ 18 ویں ایڈیشن میں دنیا بھر سے 600 سے زیادہ غیر سرکاری تنظیمیں، انسانی ہمدردی کی انجمنیں، کمپنیاں، سپلائرز اور بین الاقوامی برانڈز شرکت کریں گے اس کے علاوہ 50 معروف امدادی سرگرمیوں سے وابستہ مقررین کانفرنس کے آٹھ اہم سیشنز میں شرکت کر رہے ہیں جس میں اقوام متحدہ، ریڈ کراس/ریڈ کریسنٹ موومنٹ اور نجی شعبے کی طرف سے 16 ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ ایونٹ میں 84 ممالک کے 6ہزار سے زائد شرکاء حصہ لیں گے۔ اس سال کا تھیم اقوام متحدہ کے 17 پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز17) کی مناسبت سے ہے ۔ پائیدار ترقی کے اہداف 2030 تک غربت کے خاتمے، کمیونٹیز کے تحفظ اور مساوی حقوق اور امن و خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی تعاون پر مبنی کارروائی کے لیے عالمی کوششوں کی نمائندگی کرتے ہیں جس کے لئے عالمی ادارہ خوراک،یونیسکو،یو این آر ڈبلیو اے اور یو این ایچ سی آرسمیت اقوام متحدہ کے31 ادارے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ ڈی آئی ایچ اے ڈی سسٹین ایبل ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کے سی ای او ایمبیسڈر گیرہارڈ پوٹمین کرمر نے کہا کہ ڈی آئی ایچ اے ڈی 2022 میں، ایک بار پھر قومی سرکاری حکام، بین الاقوامی اور غیر سرکاری تنظیموں، ریڈ کراس/ ریڈ کریسنٹ، فاؤنڈیشنز اور خیراتی اداروں کے رہنما اور کارکن اکٹھے ہوں گے۔ اس حوالے سے ainable Humanitarian Foundation کے چیئرمین،بحیرہ روم کی پارلیمانی اسمبلی کے لیے روونگ ایمبیسیڈراورانڈیکس ہولڈنگ کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالسلام المدنی نے کہا کہ دبئی اچھی قیادت کی رہنمائی کے مطابق جو تعلیم، علم، صحت کی دیکھ بھال، انسانی امداد، ریلیف اور بہت سے دوسرے پہلوؤں میں ملک کے بلند مشن کو تقویت بخشتی ہے دنیا بھر کے افراد کے لئے انسان دوست شہر ہے۔ ڈی آئی ایچ اے ڈی کے18 ویں ایڈیشن میں پائیدار ترقی کے لیے شراکت داری اور تعاون’اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔