وام کے لاطینی امریکہ کےبڑےمیڈیا اداروں کیساتھ تعاون کے پانچ نئے معاہدوں پردستخط
دبئی(نمائندہ خصوصی) امارات نیوز ایجنسی (وام) نے مختلف زبانوں میں متحدہ عرب امارات کی ثقافت اور انسانیت کے پیغام کو دنیا بھر میں فروغ دینے کیلئے لاطینی امریکہ کے بڑے میڈیا اداروں کے ساتھ تعاون کے پانچ نئے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ایکسپو 2020 دبئی میں طے پانے والے معاہدوں پر میکسیکن ٹی وی نیٹ ورک ONCE، برازیل کے اخبار فولہا ڈی ایس پاؤلو، برازیل کی خبر رساں ایجنسی Folhapress، برازیل کی ویب سائٹ UOL-Universo Online اور جنوبی کیریبین کے Curacao میں TV چینل TeleCuraçao کے ساتھ دستخط کیے گئے۔یہ معاہدے وام کی بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے اور اس کے دائرہ کار کو عالمی سطح پر وسعت دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ وام نے ایکسپو 2020 دبئی میں 19 بین الاقوامی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔معاہدوں پر وام کے ڈائریکٹر جنرل محمد جلال الرئیسی، ONCE کے منیجنگ ڈائریکٹر Carlos Brito Lavalle,، فولہا ڈی ایس پالو کے منیجنگ ایڈیٹر رابرٹو ڈیاس، UOL کے سی ای او پاؤلو سامیہ،ٹیلی کوراؤ کے ڈائریکٹر جنرل ہیوگو لیو جین تائی اور فولہاپریس کے ڈائریکٹر جنرل کےنمائندے نے دستخط کئے۔معاہدے وام اور متعلقہ میڈیا اداروں کے درمیان خبروں اور میڈیا کے مواد کے تبادلے اور پائیدار شراکت قائم کرنے اور متحدہ عرب امارات اور لاطینی امریکہ میں میڈیا اداروں کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں پیشہ ورانہ میڈیا تعاون کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔معاہدوں کے مطابق متعلقہ فریق انگریزی، ہسپانوی، پرتگالی اور عربی میں روزانہ خبروں کا تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ، ان کے پلیٹ فارمز اور دنیا بھر میں ان کے شراکت داروں کے استعمال اور تقسیم کے لیے تبادلہ کریں گے۔متعلقہ میڈیا مواد کو ان کے نیوز لیٹرز پر بھی دکھایا جا سکتا ہے اور ان کے ممالک میں ان کے مختلف میڈیا آؤٹ لیٹس میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔وام کے ڈائریکٹر جنرل محمد جلال الرئیسی نے کہا کہ ایکسپو 2020 دبئی میں لاطینی امریکہ کے بڑے میڈیا اداروں کے ساتھ اس طرح کے کلیدی معاہدوں پر دستخط اہم ہیں کیونکہ وہ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے سب سے اہم ثقافتی پروگرام کی بڑی کامیابی کی نشاندہی کرتے ہیں جس سے مختلف شعبوں میں اس کے بین الاقوامی تعاون میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ اپنے تعاون کو مضبوط بنانا وام کی حکمت عملی کا حصہ ہے تاکہ دنیا بھر میں متحدہ عرب امارات کے ثقافتی پیغام کو فروغ دیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ایکسپو 2020 دبئی کی کامیابی متحدہ عرب امارات کی قیادت کے وژن اور ہدایات اور ملک کی کامیاب حکمت عملیوں کو اجاگر کرتی ہے۔انہوں نے گلوبل میڈیا کانگریس میں لاطینی امریکی میڈیا اداروں کی شرکت پر بھی خوشی کا اظہار کیا جس کی میزبانی ابوظبی نومبر 2022 میں کرے گی۔لاطینی امریکی میڈیا اداروں کے نمائندوں نے کہا کہ وام کے ساتھ میڈیا کے تعاون بڑھانے سے وہ متحدہ عرب امارات کی بین الاقوامی اقتصادی، ترقیاتی اور انسانی سرگرمیوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے جو عالمی فیصلہ سازی کے عمل کا ایک اہم مرکز ہے۔انہوں نے چھ ماہ کے دوران ایکسپو 2020 دبئی کی میزبانی میں متحدہ عرب امارات کی کامیابی کو سراہا۔