ہلال احمر امارات کی طرف سے موریطانیہ کے 40دیہات میں رمضان راشن کی تقسیم

نواکشوٹ(نمائندہ خصوصی) ہلال احمر امارات نے موریطانیہ کے علاقے ترارزہ کے 40 دیہات کے رہائشیوں میں رمضان راشن تقسیم کیا ہے۔ یہ اقدام ابوظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان کی ہدایات اور الظفرہ خطے میں حکمران کے نمائندے اور ہلال احمر امارات کے چیئرمین شیخ حمدان بن زاید آل نھیان کی نگرانی میں اٹھایا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد علاقے کے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانا، بہت سے برادر اور دوست ممالک میں خوراک کی کمی کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات دور کرنا اور رمضان کے مقدس مہینے میں موریطانیہ میں لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ ہلال احمر امارات کے سیکرٹری جنرل محمد عتیق الفلاحی نے کہا کہ دانشمندانہ قیادت کی ہدایات متحدہ عرب امارات کے اس نقطہ نظر کی عکاسی کرتی ہیں جو تمام اقوام کے ساتھ انسانی یکجہتی کو مضبوط بنانے اور کسی بھی نسلی، مذہبی یا فرقہ واریت سے ہٹ کر انسانی بھائی چارے کی اقدار کی حمایت پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نقطہ نظر نے متحدہ عرب امارات کو دینے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے حوالے سے سب سے ممتاز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر امارات رمضان کی ضروریات فراہم کرنے اور سینیگال کی سرحد سے متصل ترارزہ کے علاقے کے 40 دیہاتوں میں نواکشوٹ میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے اور ترارزہ میں متعدد مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر امداد فراہم کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہلال احمر امارات موریطانیہ میں مزید منصوبوں اور پروگراموں کیلئے بھی تعاون فراہم کررہا ہے۔