ابوظہبی، (ویب ڈیسک) ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) کے شپنگ اور میری ٹائم لاجسٹکس ادارے، ادنوک لاجسٹکس اینڈ سروسز (ادنوک ایل اینڈ ایس) نے 1لاکھ 75ہزار کیوبک میٹر فی کس گنجائش کے حامل دوایل این جی جہازوں کی تعمیر کے معاہدے کا اعلان کیا ہے جو 2025 میں اس کے بیڑے میں شامل کیے جائیں گے۔
کمپنی کی وسیع تر ترقی اور توسیع کی حکمت عملی کے تحت ایل این جی جہازوں کی اس شمولیت سے متحدہ عرب امارات کے معروف شپنگ اور میری ٹائم آپریٹر کے طور پر اسکی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔ ایل این جی کے نئے جہاز ادنوک کی 2030 کی ترقیاتی حکمت عملی پر عملدرآمد کے حوالے سے ناگزیر اہمیت کے حامل ہوں گے جس سے اس کے موجودہ ایل این جی کاروبار اور اس کی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔دونوں ایل این جی جہازچین کے جیانگ نان شپ یارڈ میں تعمیر کیے جائیں گے۔
2020 میں، ادنوک ایل اینڈ ایس نے اپنے بیڑے کو وسعت اور متنوع بنانے کے ساتھ ادنوک کی اپ اسٹریم پیداواری صلاحیت میں اضافے اور ڈاون اسٹریم اور پیٹرو کیمیکل آپریشنز کو توسیع دینے کااعلان کیا تھا جس کا مقصد صارفین کو وسیع خدمات فراہم کرنا ہے۔
ادنوک ایل اینڈ ایس کے پاس مشرق وسطیٰ میں جہازوں کا سب سے بڑااور متنوع بیڑا ہے۔ اس کا تجارتی بیڑا خام تیل، صاف مصنوعات، خشک بلک، کنٹینرائزڈ کارگو، ایل پی جی اور ایل این جی کو اپنے چارٹرڈ جہازوں کے ذریعے دنیا بھر کی منڈیوں تک پہنچاتا ہے۔
ادنوک ایل اینڈ ایس کے سی ای او، کیپٹن عبد الكريم المصعبي نے اس حوالے سے کہا کہ ہمارے ایل این جی بیڑے کی توسیع اور اس میں جدت ادنوک ایل اینڈ ایس کی ترقی کی حکمت عملی میں کلیدی معاون ثابت ہو گی۔
ان نئے جہازوں کے حصول سے ہمارا بیڑا مزید پائیدار ہوگا جو اگلے 25 سالوں کے لیے ہمارے صارفین اور جیانگ نان شپ یارڈ کے ساتھ ہماری شراکت کو مزید مضبوط بنائے گا۔
جیانگ نان شپ یارڈ کے چیئرمین لِن چھو نے کہاکہ ہمیں ادنوک ایل اینڈ ایس کے ساتھ اپنی شراکت داری کو جاری رکھنے پر بے حد فخر ہے۔ بڑے ایل این جی جہازوں کے لیے یہ آرڈر جیانگ نان شپ یارڈ کے اسٹریٹجک پورٹ فولیو میں ایک اور سنگ میل ہے۔
ہم ان جہازوں کی بروقت فراہمی کے لیے پرعزم ہیں ۔ نئے بننے والے ان ایل این جی جہازوں میں سے ہر ایک کی گنجائش 1لاکھ 75ہزار کیوبک میٹر ہے جو موجودہ صلاحیت کے پہلے سے زیر استعمال 1لاکھ37ہزار کیوبک میٹر گنجائش والے جہازوں سے کافی حد تک بڑے ہیں۔ نئے جہازوں میں سے ہر ایک کی ایل این جی لے جانے کی صلاحیت اس قدر ہے کہ اس سے 45ہزار گھروں کو ایک سال تک توانائی فراہم کی جاسکتی ہے۔
نئے جہازوں کے انجن کی ٹیکنالوجی سے فضا میں مضر گیسوں کاربن ڈائی آکسائیڈ،نائٹروجن آکسائیڈز(این اوایکس) اور سلفر آکسائیڈز(ایس اوایکس) کے اخراج میں کمی ہوگی اور جدید ایئر لبریکشن سسٹم سے ایندھن کی کھپت کم سے کم 10 فیصد تک کم ہوگی۔
ان بحری جہازوں میں جزوی ریلیفیکیشن سسٹم بھی ہوگا، جس سے مضر گیسوں کا اخراج مزید کم اور کارگو کو بھی تحفظ ملے گا۔
گزشتہ 24 ماہ کے دوران، ادنوک ایل اینڈ ایس نے گہرے سمندروں میں کارگو لے جانے والے 16جہاز حاصل کیے، جن میں 2021 میں حاصل کردہ آٹھ بہت بڑے کروڈ کیریئر شامل ہیں جس سے صلاحیت میں1کروڑ60لاکھ بیرل کا اضافہ ہوا، چھ پروڈکٹ ٹینکرسے پروڈکٹ ٹینکر فلیٹ کی صلاحیت 10 لاکھ میٹرک ٹن سے زیادہ ہوگئی ہے اس کے علاوہ اے ڈبلیو شپنگ کے لیے پانچ بہت بڑے گیس کیریئرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔