آر ٹی اےنے مفت ای سکوٹر ڈرائیونگ پرمٹ جاری کرنے کیلئے آن لائن پلیٹ فارم قائم کردیا

دبئی، (نمائندہ خصوصی)دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے اعلان کیا ہےکہ اتھارٹی کی طرف سے مخصوص کردہ محفوظ سڑکوں پر الیکٹرک سکوٹرز کے استعمال کے لیے ٹریفک پرمٹ کی ضرورت ہوتی ہے جو اتھارٹی کی ویب سائٹ پر شروع کیے گئے الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے مفت حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ یہ پرمٹ ای۔سکوٹر ڈرائیوروں کو ان علاقوں اور گلیوں میں سکوٹراستعمال کرنے کی اجازت دیتے ہیں ۔آر ٹی اے کا الیکٹرانک پلیٹ فارم 28 اپریل 2022 سے کام کرنے کے لیے تیار اور عوام کے لیے دستیاب ہوگا۔ آر ٹی اے نے کہا ہےکہ اجازت نامہ ان لوگوں کے لیے ضروری ہوگا جو مقرر کردہ سڑکوں پر اسکوٹر استعمال کرتے ہیں۔تاہم جو لوگ اسکوٹر کو سڑکوں کے علاوہ دوسری جگہوں جیسے سائیکل کے راستے یا فٹ پاتھ پر استعمال کرنا چاہتے ہیں انکے لئے اجازت نامہ لازمی نہیں ہوگا۔ اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے اتھارتی کی ویب سائٹ پر دستیاب آگاہی تربیتی کورس کو پاس کرنا ضروری ہے اور ٹرینی کی عمر 16 سال سے کم نہیں ہونی چاہیے۔تربیتی کورس میں سکوٹر کے استعمال کی اجازت والے شعبوں کے علاوہ سکوٹر کی تکنیکی خصوصیات اور معیارات اور صارفین کی ذمہ داریوں کے بارے میں اسباق شامل ہیں۔یہ کورس متعلقہ ٹریفک علامات اور نشانات سے متعلق معلومات بھی فراہم کرتا ہے۔ نئے قواعد میں کہا گیا ہے کہ ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کیے بغیر الیکٹرک سکوٹر یا اتھارٹی کی طرف سے متعین کسی دوسرے زمرے کا استعمال ٹریفک کی خلاف ورزی ہے جو قانون کے مطابق 200 درہم جرمانہ کے ساتھ قابل سزا ہے سوائے ان لوگوں کے جن کے پاس گاڑی کے لیے درست ڈرائیونگ لائسنس ہے یا بین الاقوامی ڈرائیور کا لائسنس یا موٹر سائیکل کا لائسنس ہے۔ان ضوابط کا تعارف دبئی ایگزیکٹو کونسل کی قرارداد نمبر 13 برائے 2022 کا نفاذ ہے جس کی توثیق دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے کی ہے۔یہ دبئی کو سائیکل دوست شہر میں تبدیل کرنے کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے اور رہائشیوں اور آنے والوں کو نقل و حرکت کے متبادل ذرائع استعمال کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ای سکوٹر کا اصل آپریشن 13 اپریل 2022 کو دبئی کے 10 اضلاع میں شروع ہوا اور شیخ محمد بن راشد بلیورڈ، جمیرہ لیکس ٹاورز، دبئی انٹرنیٹ سٹی، الریگا، 2 دسمبر سٹریٹ، جمیرہ، سٹی واک، القصیٰ، المنخول اور الکرامہ میں محفوظ سڑکوں کے علاوہ پام میں مخصوص سائیکلنگ لین تک محدود تھا۔سوائے سائکلنگ ٹریکس کے سائہ اسالم، القدرہ اور میدان کے دبئی بھر میں تمام سائیکلنگ اور سکوٹر لین پر بھی اس کی اجازت تھی۔