محمد بن راشد کا عرب ٹریول مارکیٹ نمائش کا دورہ

دبئی(ویب ڈیسک) نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا ہےکہ متحدہ عرب امارات اہم شعبوں کی ترقی اور توسیع کو تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ متحدہ عرب امارات نے گزشتہ 50 سالوں میں سیاحت اور ہوابازی کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں جس سےملک ان بڑی صنعتوں میں دنیا کے صف اول کے ممالک میں شامل ہوگیا ۔انہوں نے ان خیالات کااظہار عرب ٹریول مارکیٹ (ATM ) 2022 نمائش کے دورے کے دوران کیا جو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں جاری ہے۔اس ایونٹ میں 158 ممالک کی نمائندگی کرنے والے 1,500 نمائش کنندگان شرکت کررہے ہیں۔ شیخ محمد نے کہا کہ ہم مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سیاحت اور سفر کے شعبوں کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ مسلسل کام کر رہے ہیں۔متحدہ عرب امارات ایک ایسے ملک کے طور پر عالمی سطح پر ایک منفرد کردار ادا کرتا ہے جو مشرق اور مغرب کی مارکیٹوں کو آپس میں ملاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری انوکھی طاقتیں ہمیں عالمی سطح پر ان شعبوں کے لیے ترقی کے نئے افق کھولنے اور دنیا بھر کی معیشت کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں ایک مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے ایک اچھی پوزیشن میں رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جامع اسٹریٹجک منصوبوں کی حمایت سے ہماری مربوط کوششوں نے ہمیں پچھلے دو سالوں میں عالمی چیلنجوں کے اثرات سے نمٹنے کے قابل بنایا ہے۔انکاکہنا تھا کہ تاریخ کی سب سے بڑی عالمی ایکسپو کی چھ ماہ تک میزبانی نے کاروبار، سیاحت اور سرمایہ کاری کے لیے ایک مرکز کی حیثیت سے دبئی کی کارکردگی کو مزید تقویت بخشی ہے۔انہوں نے کہا کہ دبئی میں عالمی سیاحت اور ٹریول کمیونٹی کو اکٹھا کر کے ہم ان شعبوں کے لیے ایک نئے مستقبل کی تشکیل میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دبئی اپنی صلاحیتوں اور مہارت کو بروئے کار لاتا رہے گا تاکہ عالمی معیشت کیلئےمواقع کی نشاندہی کی جا سکے۔ دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم اور دبئی کے نائب حکمران، نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ شیخ مکتوم بن محمد بن راشد المکتوم بھی اس دورے میں شیخ محمد کے ہمراہ تھے۔ شیخ محمد نے نمائش کا دورہ کیا۔انہیں اس سال کے ایونٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پچھلے ایڈیشن کے مقابلے اس سال نمائش کی جگہ میں 85 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔شیخ محمد نے شرکت کرنے والے ممالک کے مختلف پویلینز اور سٹینڈز کا بھی دورہ کیا جو دبئی میں اپنے سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ڈی ای ٹی کے تعاون سے جاری اے ٹی ایم 2022 کا موضوع "‘بین الاقوامی سفر اور سیاحت کا مستقبل” ہے۔اے ٹی ایم گلوبل اسٹیج اور اے ٹی ایم ٹریول ٹیک اسٹیج 150 اسپیکرز پر مشتمل 40 کانفرنس سیشنز کی میزبانی کرے گا۔ اے ٹی ایم 2022 دبئی میں ٹریول اور ٹورازم ایونٹس کے10 روزہ میلے عرب ٹریول ویک کا حصہ ہے۔یہ ایونٹ دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور اس کے اسٹریٹجک شراکت داروں کے ساتھ مل کر منعقد کیا گیا ہے جس میں دبئی کے محکمہ اقتصادیات اور سیاحت (DET) اور امارات ائیرلائن آفیشل ایئر لائن پارٹنر اور عمار گروپ آفیشل ہوٹل پارٹنر ہے۔