دبئی، :دبئی ہسپتال کی ایک خصوصی میڈیکل ٹیم نے دا ونسی شی سرجیکل روبوٹ کا استعمال کرتے ہوئے 22 سالہ اماراتی مریض کا پہلا کامیاب آپریشن کیا ہے جس کی پیشاب کی نالی کا اوپر والا حصہ بند تھا۔اس مرض کی وجہ سے گردے معمول کے سائز سے بڑے ہونے سے مریض متعلقہ پیچیدگیوں کا شکار تھا۔ کنسلٹنٹ، روبوٹک سرجن اور یورالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر یاسر احمد السعیدی اور ان کی ٹیم نے دو گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن سے پیشاب کی نالی کے بند حصے کو ہٹا کر نالی کو دوبارہ گردوں کے رینل پیلوس سے جوڑ دیا۔ ہسپتال کے مطابق آپریشن کامیاب رہا اور مریض کو چند دنوں میں ڈسچارج کر دیا جائے گا۔دبئی ہسپتال کی سی ای او ڈاکٹر مریم الرئیسی نے اس حوالے سے بتایا کہ ڈی ایچ اے کے وژن اور مشن کے مطابق، ہسپتال جدید ترین ٹیکنالوجیز اور سمارٹ سلوشنز کے استعمال پر زوردے رہا ہے تاکہ خصوصی مریضوں کو اعلیٰ معیار کی دیکھ بھال فراہم کی جا سکے۔روبوٹک سرجری میں مہارت حاصل کرنے والے پہلے اماراتی سرجن ڈاکٹر السعیدی کا کہنا ہے کہ یہ سرجری کا ایک جدید ترین طریقہ کار ہے جس میں روایتی لیپروسکوپک تکنیک کو اعلیٰ روبوٹک ٹیکنالوجی کے ساتھ ملا کر کم سے کم کٹ لگا کر، بہتر درستگی اور تیزی سے صحت یابی کو یقینی بنایا جاتا ہے سرجری کے بعد مریض کو کم سے کم وقت کے لیے اسپتال میں رکھا جاتا ہے۔