امارت میں بسی پاکستانی برادری “امن کی سفیر “ اور “جانفشانی کی تصویر” ہیں، پاکستان سفارتخانے کے ناظم الامور امتیاز گوندل کا پیغام

پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی پاکستانیوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت وطن عزیز کو خوب سے خوب تر بنانے کا عزم

دبئی (لیڈنگ نیوز )پاکستان کی 75 ویں یومِ آزادی کے موقع پر ناظم الامور امتیاز فیروز گوندل کا پیغامآج پاکستان اور پاکستان سے باہرمقیم تمام پاکستانی پاکستان کا 75واں یومِ آزادی انتہائی جوش و جذبے سے منا رہے ہیں۔ اس پُر مُسرت موقع پر میں اپنی اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں مقیم تمام پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔یہ دن نہ صرف ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی اُن انتھک کوششوں کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے آنے والی نسلوں کی مذہبی، معاشی اور سماجی و ثقافتی آزادی کے لیے کیں، بلکہ اپنے مُلک کو مضبوط بنانے کے لئے مزید محنت کرنے کی ترغیب بھی دیتا ہے۔ ہم بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر پاک و ہندکے مسلمانوں کی انتھک کوششوں اور لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی دور اندیشی نے 14 اگست 1947 کو پاکستان کو ایک حقیقت بنا دیا۔متحدہ عرب امارات میں بسنے والے پاکستانی اپنی کاروباری صلاحیتوں، امن پسند طبیعت سخت محنت کی خصوصیات کے باعث پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی ترقی میں فعال اور تعمیری کردار ادا کر رہے ہے۔ وہ قانون کی پاسداری کرنے والے شہری ہیں اور ایک پرامن کمیونٹی کے طور پر متحدہ عرب امارات کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی محنت اور ایمانداری سے نہ صرف اپنے خاندان کی بہتر کفالت کی ہے بلکہ اپنے ملک کا نام بھی روشن کیا ہے۔ میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اسی عزم اور محنت کے ساتھ کام جاری رکھیں۔میں اس موقع پر متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ اپنی قابل فخر روایات پر قائم رہتے ہوئے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔