فضل الرحمان کے سمدھی حاجی غلام علی خیبرپختونخوا کے گورنر مقرر

صدر مملکت نے جمعیت علمائے اسلام سے تعلق رکھنے والے سینیٹر حاجی غلام علی کی بطور گورنر خیبر پختونخوا تعیناتی کی منظوری دے دی۔صدر مملکت نے منظوری آئین کے آرٹیکل 101، ایک کے تحت دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو سمری بھجوائی گئی تھی۔ صدر کی منظوری کے بعد حاجی غلام علی کو گورنر کے پی تعینات کیا گیا۔جمعیت علمائے اسلام ف کےسربراہ مولانا فضل الرحمان نے حاجی غلام علی کو نامزد کیا تھا۔چھ ماہ سے خیبرپختونخوا کا گورنر نہ ہونے کے بعد وفاق نے خیبرپختونخوا کا نیا گورنر تعینات کا فیصلہ کیا۔ پی ڈی ایم کی جماعتوں نے جے یو آئی کے حاجی غلام علی کے نام پر اتفاق کیا۔حاجی غلام علی مولانا فضل الرحمان کے سمدھی ہیں اور پشاور کے ناظم بھی رہ چکے ہیں جبکہ ان کے بیٹے زبیر علی پشاور کے میئر ہیں۔گورنر خیبرپختونخوا کا عہدہ شاہ فرمان کے استعفیٰ کے بعد سے خالی تھا۔