فلپائن میں آتشزدگی میں 100 سال پُرانا تاریخی پوسٹ آفس جل کر خاکستر

منیلا: فلپائن کے دارالحکومت میں تقریباً 100 سال پرانے تاریخی پوسٹ آفس میں آگ لگنے سے پوری عمارت اور ماضی کا اہم ریکارڈ جل کر خاکستر ہوگیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آگ پانچ منزلہ عمارت کے تہہ خانے میں آدھی رات کو لگی اور صبح تک پھیلتے پھیلتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ یہ ملک کا قدیم ترین پوسٹ آفس تھا اور اسے قومی نشانی کی حیثیت حاصل ہے۔فائر بریگیڈ کے عملے نے 7 گھنٹے کے بعد عمارت میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ آتشزدگی میں پوسٹ آفس کا چوکیدار زخمی ہوگیا جب کہ ایک فائر بریگیڈ کے عملے کے دو ارکان کو بھی معمولی زخم آئے۔فلپائن میں ڈاک سروس ہسپانوی نوآبادیاتی دور میں گھوڑوں پر سوار میل کوریئرز کے ساتھ شروع ہوئی تھی اور اس عمارت کو پہلی بار 1926 میں تعمیر کیا گیا تھا جب کہ دوبارہ 1946 میں تعمیر کی گئی تھی۔تاحال آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔