وزیراعظم کا آئی ایم ایف سربراہ سے رابطہ، مالیاتی معاہدے پر اہم گفتگو

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جورجیوا کو ٹیلی فون کیا جس میں انہوں ںے جلد معاہدے کی امید ظاہر کی جب کہ آئی ایم ایف سربراہ نے کہا کہ ہم بھی پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری کے خواہاں ہیں۔

آئی ایم ایف کی ایم ڈی نے وزیراعظم سے پیرس میں ہونے والی ملاقاتوں کے تناظر میں وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنے کے حوالے سے کوششوں کا اعتراف کیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ رابطہ منگل کی صبح کو ہوا جس میں آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے امور پر اہم گفتگو کی گئی۔
آئی ایم ایف کی ایم ڈی نے وزیراعظم سے پیرس میں ہونے والی ملاقاتوں کے تناظر میں وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنے کے حوالے سے کوششوں کا اعتراف کیا۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف پروگرام کے نکات پر ہم آہنگی آئندہ ایک دو دن میں آئی ایم ایف کے فیصلے کی شکل اختیار کرے گی۔ وزیراعظم نے معاشی صورتحال کی بہتری کے اہداف مشترکہ کوششوں سے حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹلینا جورجیوا نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری چاہتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے قائدانہ عزم کو سراہا۔