آرمی چیف سے کمانڈر سینٹ کام کی ملاقات، علاقائی سلامتی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے کمانڈر امریکی سینٹ کام جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے جنرل مائیکل ایرک کوریلا، کمانڈر یونائیٹڈ اسٹیٹس (یو ایس) سینٹکام نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔