دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال ،متعدد حفاظتی بند ٹوٹ گئے‘60سے زائد دیہاتوں کا زمین راستہ منقطع

بہاولنگر:پانی کے تیز بہا ئوکے باعث دریائے ستلج کے متعدد حفاظتی بند ٹوٹ گئے، ہیڈ سلیمانکی میں اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ ہیڈ سلیمانکی میں پانی کی آمد اور اخراج 136632 کیوسک ہوگیا، پانی کے تیز بہا ئوکی وجہ سے متعدد عارضی حفاظتی بند اور سڑکیں ٹوٹ گئیں۔دریائی بیلٹ سے ملحقہ وسیع علاقہ زیر آب آ چکا ہے، جبکہ درجنوں آبادیوں کے چاروں اطراف پانی ہی پانی ہے، 60 سے زائد دیہات کے زمینی راستے منقطع ہوگئے، ہزاروں ایکڑ فصلیں، املاک تباہ ہوگئیں۔انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کی جانب سے اہل علاقہ کے ساتھ ملکر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ریسکیو ٹیمیں پانی میں پھنسے 8561 افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پرمنتقل کر چکی ہیں۔دوسری جانب بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا سیلابی ریلہ ہیڈ اسلام وہاڑی پہنچ گیا جس کے باعث ہیڈ اسلام میں پانی کی سطح 94000 کیوسک ہوگئی۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق قصور، بہاولنگر، اوکاڑہ، پاکپتن، ساہیوال اور وہاڑی کی ہزاروں ایکڑ اراضی زیرآب، فصلیں تباہ ہوچکی ہیں، ستلج میں سیلاب سے بہت سے دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جبکہ متاثرہ افراد امداد کے منتظر ہیں۔