اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ مختلف ذرائع سے عمران خان کو ملک کو چھوڑنے کا کہا گیا لیکن عمران خان کا جواب تھا کہ کوئی اپنا گھر بھی چھوڑتا ہے، علیمہ خان نے بھائی سے ملاقات نہ ہونے پر اٹک جیل کے سامنے دھرنے کا اعلان کردیا۔
عمران خان کی بہن علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہائی کورٹ آ کر پریشانی ہوئی، سنا ہے کہ وکیل کا پیٹ خراب ہو گیا ہے اور وہ بستر پر پڑ گئے ہیں، جتنے دن عمران خان جیل میں ہیں ان کے پیٹ خراب ہوتے رہیں گے، یہ انصاف نہیں دے پا رہے اس پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ بے بس ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا تحفظ حکام کی ذمہ داری ہے، یہ پیٹ خراب کا ڈرامہ ختم ہونے تک ذمہ داری متعلقہ حکام کی ہے، پنگ پانگ گیم کھیلی جارہی ہے، اب میں بولی ہوں تو مجھے بھی اب جیل میں ڈال دیں گے اور یہ ہم سب کو بھی ڈال دیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ مجھ پر 4 اور عظمہ خان پر 6 کیسز بنا دیے گئے ہیں، ہم نے بیگ پیک کر رکھا ہے ڈال دیں جیل میں لیکن یاد رکھیں عمران خان نہیں جھکے گا، اس کو تو وقت مل گیا ہے قرآن پڑھ رہا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ عدالت نے یقین دہانی کرائی ہے پیر کو ملاقات کا موقع ملے گا اگر پیر کو اجازت نہ دی گئی تو پیر کو اٹک جیل کے باہر جا کر بیٹھ جائیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی ان کے مہمان ہیں وہ جیل میں ان پر بوجھ بنتے جائیں گے۔ علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ شوکت خانم اور نمل کے دفتر میں آکر انہیں ہراساں کیا جاتا ہے۔
انہوں ںے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو باہر بھیجنے سے متعلق مختلف ذرائع سے رابطے کیے گئے ہیں تاہم چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بھلا کوئی اپنا گھر بھی چھوڑ کر جاتا ہے۔