نیویارک: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہم توانائی کے شعبے میں اصلاحات لارہے ہیں امید ہے آنے والے دنوں میں بجلی کے بل زیادہ نہیں آئیں گے۔یہ بات انہوں نے نیویارک میں میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ نگراں وزیراعظم اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرنے کے لیے وہاں پہنچے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام مظالم کا شکار ہیں اس مسئلے کو آج عالمی سطح پر پیش کریں گے، حکومتوں سے قطع نظر مسئلہ کشمیر کے معاملے میں عالمی سطح پر اپنا موقف پیش کرتے رہنا چاہیے۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بھارت کشمیر میں ظلم کررہا ہے اور اب وہ کینیڈا میں بھی کارروائیاں کررہا ہے، خالصتان تحریک کے رہنما کو بھارتی ایجنٹوں نے کینیڈا کی سرزمین پر قتل کیا، بھارت نے جو کیا اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، بھارت میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے، ہندوتوا کا نظریہ دنیا کو جنگ اور آگ کی لپیٹ میں لاسکتا ہے۔ملک میں بجلی کے زائد بلوں کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ہمارے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ہم توانائی کے شعبے میں اصلاحات لارہے ہیں امید ہے آنے والے دنوں میں بجلی کے بل زیادہ نہیں آئیں گے، آئی پی پیز سے معاہدے ایسے ہوئے ہیں کہ بجلی بنے یا نہ بنے ادائیگی کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کررہے ہیں، معیشت کی بہتری کے لیے تمام اقدامات کررہے ہیں اور آئی ایم ایف ہمارے اقدامات سے مطمئن ہے، پسے ہوئے طبقے کی فلاح و بہبود ہماری ترجیح ہے، غریب افراد کو ریلیف دینے کے لیے صاحب ثروت افراد اپنا کردار ادا کریں۔نگراں وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج اقوام متحدہ کے اجلاس میں موسمیاتی تبدیلیوں اور اسلامو فوبیا کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔