آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اسحاق ڈار بری

اسلام آباد: احتساب عدالت اسلام آباد نے ن لیگی رہنما اسحاق ڈار کو شریک ملزمان سمیت آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بری کردیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی۔

نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ اسحاق ڈار کیخلاف کرپشن ثبوت نہیں کیس مزید نہیں چلایا جاسکتا۔
جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ نیب پراسکیوٹر جنرل اس نکتے پر تحریری طور پر وضاحت دیں ، اسحاق ڈار سمیت دیگر ملزمان کی بریت پر اعتراض نہیں تو لکھ کر دیں ، کل کو نیب کہے کہ ہم نے تو ایسا کچھ نہیں کہا تھا۔

نیب پراسکیوٹر افضل قریشی نے کہا کہ ہم نے میرٹ پر دلائل دیے ہیں عدالت فیصلہ سنا دے۔ نیب پراسکیوٹر نے تحریری بیان عدالت میں جمع کروا دیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے اسحاق ڈار، انکے شریک ملزم سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد، منصور رضا اور محمد نعیم کو بری کردیا۔

احتساب عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ نیب بیان کی روشنی میں یہ ریفرنس ختم کیا جارہا ہے۔