لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب سے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے وفد نے ملاقات کی۔ فواد چودھری اور فرخ حبیب نے سی پی این ای کے نومنتخب ارکان کو مبارکباد پیش کی۔سی پی این ای وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات کو اشتہارات کی منصفانہ تقسیم اور علاقائی اخبارات کو درپیش مسائل سمیت نئی ڈیجیٹل پالیسی کے بارے میں تحفظات سے آگاہ کیا۔سی پی این ای ارکان نے کہا حکومت کی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کا خیرمقدم کرتے ہیں، سی پی این ای کے موجودہ ممبر پبلی کیشنز کو ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کے تحت بائی ڈیفالٹ رجسٹرڈ ہونا چاہئے ۔فواد چودھری نے کہا سی پی این ای کی ممبر پبلی کیشنز نئی ڈیجیٹل پالیسی کے تحت بائی ڈیفالٹ رجسٹرڈ ہوں گے ،میڈیا کا کوئی ادارہ ٹرانسفارمیشن کی طرف جانا چاہے تو اس کی بھرپور معاونت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا وزارت اطلاعات کے افسران اور میڈیا اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دیں گے ۔انہوں نے مزید کہا 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد علاقائی اخبارات صوبائی سبجیکٹ ہے ، وفاق سے پیسہ صوبوں کو منتقل ہوتا ہے ، ریجنل اخبارات کو جو سہولیات ملنا چاہئیں، وہ نہیں مل رہیں،اخبارات کو ڈیجیٹل کرنے کے لئے 10 لاکھ روپے تک قرض کی سہولت دیں گے ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اخبارات کی ڈیجیٹلائزیشن میں تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو پیپر لیس کرنے کا کام شروع کر دیا ، جلد پی آئی ڈی کو پیپر لیس کر دیا جائے گا،اس وقت اشتہارات کا مکمل نظام پیپر لیس ہے ، تمام اشتہارت کو ڈیجیٹلائز کر دیا ہے ،ریلیز آرڈر میں تاخیر جیسے مسائل بھی حل کر دیئے گئے ہیں، پی آئی ڈی کو اے جی پی آر سے براہ راست منسلک کرنے سے ادائیگیوں میں مزید آسانیاں پیدا ہوں گی۔
انہوں نے کہا اپریل 2020ئتک اشتہارات کی مد میں ادائیگیاں تاخیر کا شکار نہیں ہوئیں، 2018ئسے کے بعد سے تمام ادائیگیاں کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت ورکنگ جرنلسٹس کے پیچھے کھڑی ہے ۔فرخ حبیب نے کہا سی پی این ای پورے ملک کے صحافیوں کی نمائندہ تنظیم ہے ، صوبوں کے اندر ڈی جی پی آر کام کر رہے ہیں، صوبوں میں بھی 85/15 کا فارمولہ لاگو کرنے کے حوالے سے بات کریں گے ،نئی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی سے شفافیت کو فروغ ملے گا۔ فواد چودھری اور فرخ حبیب نے سی پی این ای وفد کے مسائل توجہ سے سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔سی پی این ای وفد میں صدر کاظم خان، سینئر نائب صدر ایاز خان، سیکرٹری جنرل عامر محمود، ڈپٹی سیکریٹری جنرل یوسف نظامی، نائب صدر اسلام آباد سردار خان نیازی، جوائنٹ سیکرٹری (اسلام آباد) شکیل احمد ترابی، جوائنٹ سیکرٹری (پنجاب) تنویر شوکت، نائب صدر (خیبر پختونخوا) ڈاکٹر حافظ ثنائاللہ خان، جوائنٹ سیکرٹری (خیبر پختونخوا) طاہر فاروق، جوائنٹ سیکرٹری (سندھ) غلام نبی خان چانڈیو شامل تھے جبکہ پرنسپل انفارمیشن آفیسر سہیل علی خان بھی ملاقات میں موجود تھے ۔