گیس بحران پر حکومتی ارکان وزیراعظم کے سامنے پھٹ پڑے

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ملک بھر میں جاری گیس کے بحران پر حکومتی ارکان وزیراعظم کے سامنے بول اٹھے اور کہا کہ وزیر توانائی حماد اظہر فون تک نہیں اٹھاتے اور نہ گیس بحران پر لوگوں سے ملتے ہیں۔وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی ارکان کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گیس بحران پر حکومتی ارکان بھی بول پڑے۔ ارکان نے شکوہ کیا کہ ملک میں گیس نہیں ہے گھریلو اور صنعتی صارفین سب ہی احتجاج کر رہے ہیں۔ شکوہ کرنے والوں میں گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی شامل نکلے جو وزیر توانائی حماد اظہر کے رویے سے نالاں ہیں۔گورنر سندھ نے وزیراعظم سے حماد اظہر کے روپے کی شکایت کی اور کہا کہ وزیراعظم صاحب! حماد اظہر صاحب ہمارا فون تک نہیں سنتے، وزیراعظم سے رابطہ کرنا آسان ہے لیکن حماد اظہر سے مشکل۔ جواب میں حماد اظہر بولے کہ آپ کو ہر روز میسج کرتا ہوں، لگتا ہے آپ کسی غلط نمبر پر میسجز کرتے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ گیس کی قلت ہے، کراچی میں گیس بحران سنگین ہے، گیس بحران کے حل کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں، حماد اظہر صاحب، سندھ کی انڈسٹری بھی سراپا احتجاج ہے، آپ اگر انہیں گیس نہیں دے سکتے تو کم از کم ان سے مل تو لیں۔ اس موقع پر ایک حکومتی رکن نے کہا کہ حماد صاحب پنجاب کی انڈسٹری سے بھی ملاقات کرلیں ان کا بھی یہی شکوہ ہے۔دریں اثنا اجلاس میں سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کے معیشت دیوالیہ ہونے کے بیان کا بھی تذکرہ ہوا جس پر وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے کہا کہ شبر زیدی نے وضاحتی بیان دے دیا ہے۔