حکومت کا پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں نئے گورنرز تعینات کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت اور پیپلزپارٹی نے معاہدے کے تحت پنجاب میں سردار سلیم حیدر، فیصل کریم کنڈی کو خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں جعفر مندو خیل کو گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی جس میں پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نئے گورنرز کی تقرری کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔بلاول بھٹو زرداری ملاقات کے لیے وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تو شہباز شریف نے اُن کا استقبال کیا اور ظہرانہ بھی دیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی جبکہ گورنرز کی تقرری پر بھی مشاورت کی۔بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لئے مختلف نام تجویز کئے جن میں سے دو صوبوں میں پیش کیے گئے ناموں کی وزیراعظم نے منظوری دی۔ملاقات میں فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبرپختونخوا، جعفر مندو خیل کو بلوچستان کا گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سندھ کی گورنری کا عہدہ ایم کیو ایم کے پاس رہے گا اور کامران ٹیسوری بطور گورنر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔اس کے علاوہ پنجاب میں بلاول بھٹو کی تجویز پر سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سردار سلیم حیدر کا سیاسی کیریئر
سردار سلیم حیدر پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر اور اٹک سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس سے قبل سردار سلیم حیدر خان معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی، وزیرمملکت برائے دفاع اور دفاعی پیدوار بھی رہ چکے ہیں جبکہ وہ 2008 کے الیکشن میں اٹک کے حلقہ این اے59 سے جیت کر ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔
فیصل کریم کنڈی
فیصل کریم کنڈی پیپلز پارٹی کے دورہ حکومت میں ڈپٹی اسپیکر تھے اور اب پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے عہدے پر ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔
جعفر مندوخیل
جعفر مندوخیل مسلم لیگ کے دیرینہ کارکن ہیں اور متعدد بار ایم پی اے منتخب ہو چکے ہیں۔