اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری نے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ صدر مملکت نے نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی منظوری سپریم کورٹ کے 22 مارچ 2024 کے فیصلے کی روشنی میں دی۔ریٹائرمنٹ نوٹیفکیشن کا اطلاق جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی ریٹائرمنٹ کی عمر پوری ہونے کی تاریخ 30جون 2021 سے ہوگا۔صد آصف علی زرداری نے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری آئین کے آرٹیکل 195 کے تحت دی۔صدر مملکت نے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے ہٹانے کا 11 اکتوبر2018 کا لاء اینڈ جسٹس ڈویژن کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی بھی منظوری دی۔صدر ِپاکستان نے وزارت قانون و انصاف کی تجاویز کی منظوری وزیرِ اعظم کی ایڈوائس پر دی۔واضح رہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارشات پر، آئین کے آرٹیکل 209(6) کے تحت ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔