لاہور(نمائندہ خصوصی) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر کاظم خان، سیکریٹری جنرل عامر محمود اور دیگر عہدیداران نے رانا شمیم بیان حلفی کیس میں صحافیوں پر فرد جرم عائد کئے جانے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ صحافی نیک نیتی سے حقائق عوام تک پہنچاتے ہیں جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے توہین عدالت کی کارروائی سمجھ سے بالاتر ہے۔
سی پی این ای کے صدر کاظم خان کا کہنا ہے قانون کی پاسداری اور اسکی تشریح معزز عدلیہ کی ذمہ داری ہے مگر صحافیوں کے خلاف ایسے اقدامات عالمی سطح پر آزادی اظہار کے منافی گردانے جاتے ہیں۔ سی پی این ای کے رہنماؤں نے معزز عدالت سے استدعا کی ہے کہ صحافیوں پر فرد جرم عائد کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔