اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں اور وزرا کو ہدایت دی ہے کہ فنانس بل کے حوالے سے اپوزیشن کے جعلی بیانیے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے، ریفنڈ اور ربیٹ کے بارے میں عوامی کنفیوژن کو دور کیا جائے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں حکومتی وزراء، ارکان اسمبلی اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی، وزیراعظم نے ملک کی معاشی اور اقتصادی صورتحال پر اعتماد میں لیا، جب کہ وزیراعظم اور وزیر خزانہ شوکت ترین نے شرکاء کو فنانس بل پر بریفنگ دی۔وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کو فنانس بل سے متعلق عوام میں ابہام کو دورے کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فنانس بل کو عوامی سطح پر موثر طریقے سے نہیں بتایا جا سکا، 2 ارب روپے کے ٹیکسز کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، ریفنڈ اور ربیٹ کے بارے میں عوامی کنفیوژن کو دور کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ عوامی سطح پر بتایا جائے کہ ڈاکومنٹڈ اکانومی ملکی مفاد میں ہے، ایگریکلچر گروتھ اور ملکی ایکسپورٹس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، پاکستان کے ریزور 25 ارب ڈالرز تک پہنچ چکے ہیں جس پر بات نہیں ہو رہی، اپوزیشن کے جعلی بیانیہ کا ڈٹ کے مقابلہ کیا جائے، ہیلتھ کارڈز، ہوم فنانسنگ، احساس پروگرام کے فلاحی منصوبوں بارے موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔