آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پیٹرولیم نرخ مقرر کرنے کا اختیار؟ اہم اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد: پیٹرولیم نرخ مقرر کرنے کا اختیار آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو دینے کے حوالے سے اہم اجلاس آج ہوگا۔وزارت پیٹرولیم کے ذرائع کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو دیے جانے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کی زیر صدارت آج دوپہر اجلاس میں پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کا معاملہ زیرغور آئے گا۔اجلاس میں چیئرمین اوگرا مسرور خان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اختیار آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو دینے پر بریفنگ دیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار ملا تو قیمتوں میں روزانہ تبدیلی ہوا کرے گی۔ حکومت پیٹرولیم لیوی 80 روپے فکس کر کے باقی ذمے داری او ایم سیز کے حوالے کرنا چاہتی ہے۔ حکومت کو او ایم سیز کو پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں ایکسچینج ریٹ فرق کی ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔ حکومت کو خدمات پر صوبائی سیلز ٹیکس پر او ایم سیز کو ریفنڈ جاری کرنا پڑتا ہے۔گزشتہ مالی سال خدمات پر سیلز ٹیکس کی مد میں او ایم سیز کو 65 ارب روپے کا ریفنڈ جاری کیا گیا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نے پیٹرولیم ڈویژن سے پلان پر جلد سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔