راولپنڈی:توشہ خانہ ٹو کیس میں عدم پیشی پر بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے، عدالت نے ضامن کو بھی نوٹس جاری کردیا۔اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند کے روبرو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی، جس میں پبلک پراسیکیوٹر سید ذولفقار عباس نقوی بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔سماعت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا جب کہ بشریٰ بی بی کی مسلسل 10 سماعتوں میں غیر حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔بعد ازاں عدالت نے بشریٰ بی بی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی۔عدالت نے بشریٰ بی بی کے توشہ خانہ 2 کیس میں ضمان کو بھی نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ بشریٰ بی بی کے ضامن اگلی سماعت پر عدالت حاضر ہوں۔ بشریٰ بی بی کی ضمانت کے بعد مسلسل غیر حاضری پر کیوں نہ مچلکے ضبط کرلیے جائیں۔