پشاور:پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان سمیت اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کی مخالفت کردی۔پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق تحریک انصاف میں مولانا فضل الرحمان سمیت اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کے معاملے پر اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سمیت دیگر رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن سے کسی بھی قسم کے رابطوں یا تعاون کی مخالفت کردی ہے۔ذرائع کے مطابق یہ مخالفت اپوزیشن سے مذاکرات کے معاملے پر گزشتہ ہفتے پشاور میں مشاورت کے دوران پارٹی رہنماؤں کی بحث کے دوران سامنے آئی۔ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور نے پارٹی رہنماؤں کو مولانا سمیت اپوزیشن سے رابطوں سے روکا جبکہ اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں نے مولانا سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کا دفاع کیا۔اُدھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اس حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلائیں کیونکہ اس وقت ملک میں فاشسٹ حکومت ہے اور اس کے خلاف تمام سیاسی جاعتوں کو اکٹھا ہونا پڑے گا۔