سست انٹرنیٹ اورسوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بندش، پیپلز پارٹی نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا

قومی اسمبلی اجلاس میں سست انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بندش پر اتحادی پیپلز پارٹی نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔پیپلز پارٹی کے ارکان نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں سست انٹرنیٹ اور فائر وال پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی شازیہ مری نے کہا کہ انٹرنیٹ کی رفتار کا ستیاناس کردیا گیا ہے۔ وزارت بدحالی کا شکار ہے۔ یہ کون سی فائر وال ہے ہم کس سے جواب لیں۔عبدالقادر پٹیل نے سوال کیا گیا کہ انٹرنیٹ کا اتنا ستیاناس کیوں کیا گیا ہے۔ آئی ٹی سے جڑے لوگوں کا اربوں روپے کا نقصان ہوگیا ہے۔ اتنی بدحالی کبھی کسی وزارت کی نہیں دیکھی جتنی اب ہے۔ پارلیمانی سیکریٹری برائے کابینہ ڈویژن نے کہا کہ وزارت داخلہ جونہی کہے گی حالات ٹھیک ہیں ہم ایکس کھول دیں گے۔