راولپنڈی:بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ خالد خورشید کی سزا سے پتا چلتا ہے کہ عدالتیں کنٹرول ہو رہی ہیں۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ توشہ خانہ مقدمات کی ایک سیرسیز چل رہی ہے، یہ تمام سیاسی مقدمات ہیں، حقیقت تو ہے نہیں۔ القادر ٹرسٹ کا فیصلہ بھی پہلے فیصلوں جیسا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور پارٹی کے خلاف فسطائیت کا معاملہ چلے گا۔فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا وقت آچکا ہے۔ خالد خورشید کی سزا سے نظر آرہا ہے کہ عدالتیں کنٹرول ہورہی ہیں، اس سزا کی مذمت کرتے ہیں۔ ملک میں شہری اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ان کو جیل میں بنی گالا منتقل ہونے کی آفر آئی تھی مگر انہوں نے کہا کہ جب تک دیگر پارٹی کارکنان رِہا نہیں ہوتے وہ بنی گالا نہیں جائیں گے۔ فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیاسی نظام میں بانی پی ٹی آئی کی اہمیت ہے۔ وہ پاکستان کو سیاسی اور معاشی عدم استحکام سے نجات دلا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو کریش کرتے ہوئے عدلیہ کا گلہ گھونٹ دیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی کے بیان اور تصاویر چلانے پر غیر اعلانیہ پابندی ہے۔ اداروں کے اوپر جو دباؤ قائم کیا گیا ہے اس کو ختم کیا جائے۔فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم آج کے مذاکراتی دور میں جوڈیشل کمیشن اور اپنے سیران کی رہائی پر بات کریں گے۔ جب تک ملک میں جمہوریت نہیں آئے گی انویسٹمنٹ نہیں آسکتی۔ ہماری معیشت کی گروتھ صفر فیصد ہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے۔روزگار کی تلاش میں لوگ باہر جاتے ہیں۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ حکومت کے اندر ایک طبقہ ہے جو مذاکراتی عمل کو آگے بڑھتا نہیں دیکھ سکتا۔ علی امین گنڈاپور، سلمان اکرم راجا اور دیگر ارکان آج حکومت سے مذاکرات کریں گے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مذاکراتی کمیٹی کو آج ہی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو رکھا گیا، حسان نیازی کو سزا دی گئی۔ ملٹری کورٹس میں سویلینز کا ٹرائل درست نہیں۔ سویلین کورٹس سویلینز کا ٹرائل کریں۔ طاقتور ادارہ سزائیں دے رہا ہے، میڈیا اور وکلا کی رسائی نہیں ہے۔فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو باہر لانے کا بہترین وقت ہے تاکہ وہ ملکی سیاست میں حصہ لے سکیں۔