انتخابی اصلاحات تک الیکشن میں نہیں جائیں گے، آصف زرداری

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات تک الیکشن میں نہیں جائیں گے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے لیکن جلد کرواکر کیا ہوجائیگا، میں پہلے بھی کہتا رہا تھا کہ الیکشن کروائے جائیں لیکن میری نہیں سنی گئی ، اب الیکشن جلد کرواکر کیا ہوجائیگا، نواز شریف سے گزشتہ رات بات کی انہیں سمجھایا ہے، ہمارا مشترکہ فیصلہ ہے کہ جب تک انتخابی اصلاحات نہیں ہو جاتی ،انتخابات میں نہیں جائیں گے، خواجہ آصف کا بیان اپنی جگہ لیکن اصلاحات کے بعد انتخابات ہوں گے۔سابق صدر نے کہا کہ پہلے انتخابی اور نیب اصلاحات کریں گے، کوشش کریں گے نیب کا غلط استعمال نہ ہو، اس میں غیر سیاسی آفیسر رکھیں گے، اوورسیز پاکستانیوں کو یہاں کے مسائل کا پتا ہی نہیں ہے، انہیں ہم قومی اسمبلی میں مخصوص نشستیں دے سکتے ہیں۔آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے میں نہیں تو کوئی نہیں، الیکشن جلدی کروا کر یہ کیا کر لے گا، فوج غیر سیاسی ہوتی ہے تو آرمی چیف جنرل باجوہ کو سیلوٹ کرنا چاہیے یا ان سے لڑنا چاہیے، ایک کھلاڑی کون ہوتاہے کہ کسی کو میر جعفر اور میرصادق کے لقب دینے والا، اس سارے معاملے سے یہ ثابت ہوا کہ ادارے نیوٹرل رہ سکتے ہیں، اداروں کو اپنا کام کرنے دیں بلکہ ان کی مدد کریں، بی بی کو شہید کر کے پاکستان کو توڑنے کی کوشش کی گئی، ہم مشرف کو ڈکٹیٹر کہتے تھے مگر اس کے خلاف کوئی مہم نہیں چلائی۔