اسٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی جاری کردی، شرح سود میں 1.5 فیصد اضافہ

کراچی: اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں 1 اعشاریہ 5 فیصد کا اضافہ کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ دو ماہ کے لئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا ہے جس میں شرح سود میں 1 اعشاریہ 5 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد بنیادی شرح سود 13 اعشاریہ 75 فیصد ہوگئی ہے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ عمومی مہنگائی غیر متوقع طور پر اپریل میں دو سال کی بلند ترین سطح 13.4 فیصد تک پہنچ گئی، مہنگائی دیہی اور شہری علاقوں میں مزید بڑھ کر بالترتیب 10.9 فیصد اور 9.1 فیصد ہوگئی، جب کہ زری پالیسی کمیٹی مہنگائی، مالی استحکام، اور نمو کے وسط مدتی امکانات پر اثر انداز ہونے والی تبدیلیوں کی محتاط نگرانی برقرار رکھے گی۔اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ مانیٹری اور اقتصادی پالیسی سے طلب کو پائیدار کرنا ہوگا، مہنگائی کی توقعات اور بیرونی خدشات کم کرنے کی ضرورت ہے، مہنگائی کی صورتحال بیرونی اور اندرونی حالات سے متاثر ہوئی ہے، رواں مالی سال کی اقتصادی پالیسی، انرجی سبسڈی پیکیج سے طلب بڑھی۔