لاہور(این این آئی )مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کرنے پر 8نامزد اور 150 سے زائد نا معلوم لیگی کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔تھانہ اسلامپورہ میں درج مقدمے میں عظمی بخاری، توصیف شاہ سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا ہے جس میں پولیس پر پتھرا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے او ر نقص امن کی دفعات شامل ہیں۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے سکیورٹیپر مامور اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ سمیت سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا ۔
پتھرائو سے کانسٹیبل نثار کے سر پر گہری چوٹ آئی۔لیگی رہنمائوں سمیت کارکنوں کے خلاف مقدمے کا اندراج سب انسپکٹر دلشاد کی مدعیت میں کیا گیا۔یاد رہے جمعہ کو مریم نواز کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا ۔لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کا پولیس سے عدالت میں داخل ہونے سے روکنے کی وجہ سے تصادم ہو گیا تھا اور اس دوران عظمی بخاری نے ایک پولیس اہلکار کو تھپڑ بھی مارا تھا۔