لاہور: رہنما مسلم لیگ ن نے ورکرز کنویشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پر بری نظر ڈالنے والوں کو 17 جولائی کو مایوس لوٹنا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ نواز کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے پنجاب کے حلقہ پی پی 168 لاہور میں ورکرز کنویشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت کم ہونے کے بعد کل بہت ہفتوں بعد سکون کی نیند آئی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ مشکل وقت گزر چکا، اب قوم کےلیے اچھی خبریں آئیں گی کل کئی روز بعد چین کی نیند آئی کیوں کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے سے عوام کو ریلیف ملا۔مرکزی رہنما ن لیگ نے نواز شریف کا پیغام عوام کو سنایا کہ قائد مسلم لیگ نواز نے حکومت کو پیغام دیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوئیں تو دو ہفتے بعد پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردیں۔رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ لاہور نواز شریف کا ہے اور ہمیشہ نواز شریف کا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اسد کا مطلب شیر ہے اور اسد کھوکھر اب شیروں میں آگیا ہے، شیر کو شیروں کے ساتھ ہونا چاہیے، گیڈروں کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے۔مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ چار برس سے لاہور یتیم اور لاوارث تھا، لاہور مزید پی ٹی آئی کی حکومت رہ جاتی تو یہاں کھنڈر بن جاتا، لاہور پر بری نظر ڈالنے والوں کو 17 جولائی کو مایوس لوٹنا پڑے گا۔ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ لاہور کی ترقی کے پچھلے چار سال ضائع کیے گئے، یہ شیر اور بلے کی جنگ نہیں بلکہ یہ لاہور کی ترقی کی جنگ ہے اور عمران خان اب اس کےلیے ووٹ مانگ رہا ہے جسے پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتا تھا۔