عمران خان پی ٹی آئی چیئرمین شپ سے فوری استعفا دیں، مریم اورنگزیب

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان سے پارٹی کی سربراہی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مریم اورنگزیب نے ممنوعہ فنڈ نگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عمران خان کے خلاف جرائم کی تصدیق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چور، جھوٹا، فارن فنڈنگ منی لانڈرر آخر 8 سال بعد پکڑا گیا۔ عمران خان صادق اور امین نہیں،  پارٹی چیئرمین کے عہدے سے فوری استعفا دیں۔

مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان پاکستان کے خلاف غیر ملکی سازشی منصوبہ تھا اور ہے ۔ عمران خان جھوٹا اور جعلساز ہے، جس پر الیکشن کمیشن نے مہر لگا دی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے اسرائیل،  بھارت، امریکا، کینیڈا سمیت دیگر ملکوں سے فارن فنڈنگ لی اور پاکستان میں فتنہ برپا کیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جانتے بوجھتے ہوئے 351 غیرملکی کمپنیوں اور 34 غیرملکیوں سے فارن فنڈنگ لی، جعلی اور جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے ، 13 غیرقانونی بینک اکاؤنٹس عمران خان خود چلاتا رہا اور انہیں الیکشن کمیشن سے چھپاتا رہا ۔ عالمی فراڈیوں سے خیرات کے نام پر پیسے بٹورے اور جعلسازی کی۔ جان بوجھ کر اپنے 4 ملازمین طاہر اقبال ، محمد نعمان افضل ، محمد ارشد، محمد رفیق کے نام پر پیسے  منگوائے ۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ چوروں اور منی لانڈرز نے وکیل بدلے، الیکشن کمیشن سے بھاگے اور کئی مرتبہ کیس کو روکنے کی کوششیں کیں۔ عمران خان عالمی منی لانڈرر ثابت ہو چکا ہے۔ وفاقی حکومت قانون کے مطابق  الیکشن کمیشن کے فیصلے پر عمل درآمد کرے گی۔ عمران خان اس چوری کی وجہ سے الیکشن کمیشن پر حملے کر رہا ہے۔